ہائی کورٹ نے غیر قانونی بھرتیوں معاملے پرشاہد خاقان عباسی کی راہداری ضمانت منظور کرلی-
اسلام آباد (اُردو اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 30 مارچ2020ء) اسلام آباد ہائی کورٹ نے غیر قانونی بھرتیوں معاملے پرسابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی کی راہداری ضمانت منظور کرلی ۔ پیر کو سماعت اسلام آباد ہائیکورٹ کے ڈویڑن بنچ پر مشتمل جسٹس چیف جسٹس اطہر من اللہ اور جسٹس محسن اختر کیانی نے کی۔شاید خاقان عباسی اپنے وکیل کے ساتھ عدالت میں پیش ہوئے ۔

وکیل نے کہاکہ احتساب عدالت کراچی نے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کیے ہیں۔ وکیل شاہد خاقان عباسی نے کہاکہ عدالت راہداری ضمانت منظور کر دے، احتساب عدالت کراچی میں پیشی تک راہداری ضمانت منظور کی جائے، سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی پر غیر قانونی بھرتیوں کا الزام ہے۔ وکیل نے کہاکہ گزشتہ روز کراچی کی احتساب عدالت نے شاہد خاقان عباسی کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کئے تھے۔عدالت نے شاہد خاقان عباسی کی چار ہفتوں کی حفاظتی ضمانت منظور کرلی۔کراچی احتساب عدالت نے شاہد خاقان عباسی کو 10 اپریل کو طلب کر رکھا ہے۔
شاہد خاقان عباسی اور سابق سیکرٹری پیٹرولیم کی حفاظتی ضمانت منظور
اسلام آباد ہائی کورٹ نے نیب کو دونوں ملزمان کی گرفتاری سے روک دیا

اسلام آباد(اردو اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔30 مارچ۔2020ء) اسلام آباد ہائی کورٹ نے سابق وزیرِ اعظم شاہد خاقان عباسی اور سابق سیکرٹری پیٹرولیم ارشد مرزا کی چار ہفتوں کے لیے حفاظتی ضمانت منظور کر لی ہے. شاہد خاقان عباسی اور ارشد مرزا کی ضمانت کراچی کی احتساب عدالت میں زیر سماعت ایم ڈی پی ایس او غیر قانونی تقرری ریفرنس میں ہوئی ہے عدالت نے نیب کو دونوں ملزمان کی گرفتاری سے روک دیا ہے.
چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ کی سربراہی میں دو رکنی بینچ نے ضمانت کی درخواستوں پر سماعت کی دونوں ملزمان کی جانب سے بیرسٹر ظفراللہ عدالت میں پیش ہوئے اور بتایا کہ دونوں درخواست گزار اسلام آباد میں ہیں جبکہ نیب کی جانب سے کراچی کی احتساب عدالت میں ایم ڈی پی ایس او تقرری ریفرنس میں ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کر دیے گئے ہیں.
وکیل نے موقف اختیار کیا کہ ہمیں نیب کی جانب سے کوئی سمن بھی موصول نہیں ہوا بلکہ میڈیا کے ذریعے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری ہونے سے متعلق معلوم ہوا ہے. بیرسٹر ظفراللہ نے عدالت سے ملزمان کی حفاظتی ضمانت منظور کرنے کی استدعا کی جس پر جسٹس اطہر من اللہ نے ریمارکس دیے کہ ابھی تو جہاز بھی نہیں جا رہے. عدالت نے شاہد خاقان عباسی اور ارشد مرزا کی حفاظتی ضمانت منظور کرتے ہوئے چار ہفتوں میں کراچی کی احتساب عدالت میں پیش ہونے کی ہدایت کر دی ہے.
سماعت کے بعد صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ کورونا وائرس پر کوئی یکساں رسپانس نہیں ہے، پورے پاکستان میں کورونا کے خلاف یکساں رسپانس چاہیے انہوں نے سوال اٹھایا کہ حکومت کی حکمت عملی کیا ہے؟ وزیرِ اعظم کچھ اور وزراءکچھ کہتے ہیں.انہوں نے کہا کہ حکومت کی جانب سے پہلے کہا گیا کہ لاک ڈاﺅن نہیں ہوگا اب اسلام آباد میں اس سے بڑا کیا لاک ڈاﺅن ہو گا کوئی حکمت عملی نہیں ہے اب اللہ ہی خیر کرے. سابق وزیراعظم نے کہا کہ ہماری سمجھ سے باہر ہے وزیراعظم اپوزیشن کو بلا کر اپنے بیان کے بعد غائب ہو گئے کورونا وائرس پر حکومت کی نہ کوئی حکمت عملی ہے اور نہ کوئی پالیسی نظر آرہی ہے.

0 Comments